بنگلورو : 2/اگست (ایس او نیوز) عمر قید کی سزا پانے والا ایک مجرم بنگلورو کے گورنمنٹ وکٹوریہ اسپتال میں علاج کے دوران گذشتہ شب پولیس کی تحویل سے فرار ہوگیا۔پولیس نے کہا کہ مہیش عرف مستی کمار جس نے ہرپنا اگرہارا کی سنٹرل جیل میں زہر پی کر خودکشی کی کوشش کی تھی کا پہلے جیل کے اسپتال میں علاج کیا گیا اور اس کے بعد اسے وکٹوریہ اسپتال منتقل کیا گیا۔مہیش شفٹ کی تبدیلی پر پولیس کے گارڈزکی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ہتھکڑیوں کو نکال کر فرارہوگیا۔ اس کی غیر موجودگی نئے گارڈ نے محسوس کی جس نے زمین پر ہتھکڑی دیکھ کر وی وی پورم پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ تاہم پولیس مجرم کی تلاش میں ناکام رہی۔ شیموگہ ضلع کے کالموری گاؤں کے رہنے والے مہیش کو خاندانی جھگڑوں پر بیوی کے قتل کے الزامات پر 2016 میں شموگہ کی عدالت نے عمرقید کی سزا سنائی تھی۔اسے شہر کے پرپنا اگراہا جیل منتقل کیا گیا۔ 29جون کو اس نے زہر پی کر خودکشی کی کوشش کی تھی۔ پولیس نے اس معاملہ کو ڈیوٹی انجام دینے کے دوران پولیس ملازمین کی فرائض میں لاپرواہی کا معاملہ قرار دیا۔